بنوں:کورونا ویکسین سے انکار پر مزید 11 پولیس اہلکار معطل کر کے تنخواہیں روک دی گئیں۔ڈی پی او آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انکار پر 11 پولیس اہلکاروں کو معطلی کے ساتھ تنخواہیں بند کرنے کا بھی حکم جاری کردیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی 6لیڈی پولیس اہلکاروں کو کورونا ویکسی نیشن سے انکار پر معطل کیا گیا تھا تاہم لیڈی اہلکاروں کی جانب سے ویکسی نیشن کرانے کے بعد انہیں بحال کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56افراد چل بسے،کورونا وبا کے مزید 1239 کیسزرپورٹ ہوئے۔پاکستان میں کورونا سے مزید 56 افراد جاں بحق ہوگئے۔
جس کے بعد ملک میں کورونا سے مجموعی اموات 21 ہزار689 ہوگئی،کورونا کے مزید 1239 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 41 ہزار 170 ہوگئی۔
این سی اوسی کے اعداد وشمارکے مطابق پاکستان میں کورونا کیسزکی شرح 3.40 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ روزکورونا کے 36 ہزار368 ٹیسٹ کیے گئے۔
گزشتہ روز ملک بھر میں ایک ہزار 610 مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 877،191 ہوگئی۔
مزید پڑھیں: سندھ پولیس کے مزید 18 اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق