لاہور: مشہورومعروف میوزک بینڈ اوور لوڈ کے بانی، نامور گلوکار فرہاد ہمایوں انتقال کر گئے ہیں جس کی خبر سوشل میڈیا پیج کے ذریعے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اوورلوڈ بینڈ کے آفیشل فیس بک پیج سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا کہ کہ فرہاد ہمایوں آج صبح کے وقت انتقال کر گئے ہیں۔ جواں سال فرہاد ہمایوں نے اپنی اقدار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
فیس بک پیج پر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا کہ فرہاد ہمایوں آرٹ اور موسیقی کے لحاظ سے بے حد اہم شخصیت تھے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ فرہاد اور ان کے بینڈ اوور لوڈ نے نوجوانی کا دور یادگار بنا دیا۔
پیج پر کی گئی پوسٹ کے مطابق فرہاد ہمایوں نے کہا تھا کہ مداح ان کی وفات کی بجائے زندگی کو یاد کریں اور اس پر خوشی منائیں۔ اس لیے فیس بک پیج انتظامیہ نے فرہاد کے اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں سے درخواست کی کہ ان کیلئے دُعا کریں۔
پوسٹ کے ذریعے فرہاد ہمایوں کی وفات کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی تاہم آج سے کم و بیش 3 سال قبل 2018ء میں فرہاد ہمایوں دماغ کی رسولی(برین ٹیومر) میں مبتلا ہو گئے تھے جن کا علاج جاری تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
اوورلوڈ کے پلیٹ فارم سے گیت گا کر شہرت حاصل کرنے والے گلوکار، موسیقار اور پروڈیوسر فرہاد ہمایوں نے گزشتہ برس اکتوبر 2020ء میں کاپی رائٹس کی خلاف ورزی پر ایک سافٹ کمپنی پر مقدمہ دائر کردیا تھا۔
مذکورہ مقدمے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فرہاد ہمایوں نے کہا کہ نیڑے آ نامی میرا گانا بے حد ڈھٹائی اور بے شرمی سے چوری کیا گیا۔ شاعری سے لے کر گٹار، سر اور تال فلم اور کوک اسٹوڈیو دونوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔فرہاد نے سن 2012ء میں کوک اسٹوڈیو کیلئے نیڑے آ گایا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل معروف مزاح نگار اور انکل سرگم جیسے پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر عارضہ قلب کے باعث اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔فاروق قیصر کا انتقال گزشتہ ماہ ہوا۔
فاروق قیصر ایک مصنف،کالم نگار ،کارٹونسٹ اور ٹی وی پروڈیوسر تھے اور انہوں نے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، حکومت نے ان کی خداداد صلاحیتیوں کے کے اعتراف میں متعدد اعزازات سے نوازا۔
مزید پڑھیں: معروف مزاح نگارفاروق قیصر عرف انکل سرگم انتقال کرگئے