کراچی: ملک کے 3 صوبوں سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ثانوی جماعت سے سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسکولز، کالجز اور جامعات کو درس و تدریس کے دوران کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ روز وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے تمام اسکولز اور تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیر سے تعلیمی عمل شروع کردیا جائے گا۔
سندھ کورونا ٹاسک فورس نے نویں جماعت سے تمام تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کے آغاز کا فیصلہ کیا۔ ایس او پیز کی پابندی اور تمام تعلیمی عملے کی ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی۔
قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام تعلیمی اداروں کوبند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیرِ تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے تاحکمِ ثانی بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں تعلیمی سرگرمیاں پیر 7 جون سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔
اتوار 6جون کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں جماعت سے یونیورسٹی تک تدریسی عمل شروع ہوگا، تاہم پرائمری اور سیکنڈری کلاسز دوسرے مرحلے میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا 7 جون سے صوبے بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کااعلان