مرتضیٰ وہاب کی شجرکاری مہم میں شرکت، پودے مفت تقسیم، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مرتضیٰ وہاب کی شجرکاری مہم میں شرکت، پودے مفت تقسیم، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

کراچی: ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی یونیورسٹی میں شجر کاری کی تقریب میں شرکت کی اورمفت پودے تقسیم کیے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں کراچی یونیورسٹی کے بوٹانیکل گارڈن میں شجرکاری کی تقریب میں شریک ہوا جہاں مفت پودے تقسیم کیے گئے۔

ٹوئٹر پیغام میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ مفت پودے تقسیم کرنے کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی طرف راغب کرنا تھا تاکہ ہم ماحولیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ سے نمٹ سکیں۔

پیغام پر ردِ عمل دیتے ہوئے عاقب خان نامی سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ راشد منہاس روڈ پر جو گرین بیلٹ ہے، اگر اس پر ہی نیم کے درخت لگادئیے جائیں تو کراچی کا درجۂ حرارت بہتر ہوجائے گا۔

عاقب خان نے کہا کہ کراچی کے علاقے سرجانی سے لے کر جوہر موڑ تک صرف گنتی کے درخت ہیں۔ آپ لوگ عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ 

اعجاز بٹ نامی سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ کبھی ایل یو ایم ایچ ایس جامشورو میں بھی چکر لگا لیں۔ بنجر زمین پڑی ہے۔ کوئی سپورٹس کی سہولت دستیاب نہیں۔ اندرونِ سندھ کی سب سے بڑی طبی یونیورسٹی میں بھی کرپٹ مافیا ہے۔ 

دیگر سوشل میڈیا صارفین نے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی تعریف بھی کی۔ زاہد حمید نے کہا کہ آپ نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ امرود اور آم جیسے پھلدار درخت بھی لگائیں کیونکہ یہ سندھ کی مٹی سے کافی وفادار ہیں۔

اشعر گرامی نے کہا کہ امید کرتے ہیں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی کو گرین سٹی بنانے کیلئے اپنا کام جاری رکھے گی۔ مظہر علی نے ترجمان سندھ حکومت کو نیم کے درخت لگانے کا مشورہ دیا۔ 

سندھ میں شجرکاری مہم کا آغاز

یاد رہے کہ اِس سے قبل ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لئے صحت مند اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہر فرد اس ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے پودے ضرور لگائے۔

ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے سندھ حکومت کی شجر کاری مہم کے تحت جھیل پارک میں پودے لگائے،اس موقع پر ڈی جی پارکس اور دیگر متعلقہ افسران مشیر ماحولیات کے ہمراہ موجود تھے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ ماہ 30 مارچ کے روز کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے اور ہم عوام کے ساتھ مل کر صوبہ سندھ کو سرسبز بنائیں گے اور اربن فاریسٹ منصوبہ کے تحت اس منصوبہ کودو حصوں میں بنا رہے ہیں جس میں پارک میں خوبصورت درختوں کے ساتھ ساتھ پھل دار درخت بھی لگائیں گے۔

مزید پڑھیں: سندھ حکومت صوبے بھر میں شجرکاری مہم کا آغازکررہی ہے، مرتضیٰ وہاب

 

Related Posts