کراچی: شہر قائد میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 14 جون کے بعد شروع ہو جائے گا، کراچی کے شہری ہوشیار رہیں، رواں سال زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبر دار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نالوں کی صفائی ایک سال گزرنے کے بعد بھی نہ ہو سکی، شہریوں میں خوف کیا کراچی ایک بار پھر ڈوبے گا؟
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں جون کے وسط تک گرمی کی شدید لہر جاری رہنے کا امکان ہے،جنوب مغربی سے گرم ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے جو گرمی میں شدت کا سبب بنیں گی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے ایم ایم نیوز ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج دوپہر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم جنوب مغرب کی ہواؤں کے سبب درجہ حرارت کی تپش 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ہےاور اسی باعث گرمی زیادہ ہے ،کیوں کہ جب نمی زیادہ ہو اور دھوپ تیز ہو تو انسان کو پسینہ زیادہ آتا ہے جس سے گرمی زیادہ محسوس ہوتی ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں مون سون 14 جون سے شروع ہوگا تاہم اس مرتبہ 25 فیصد تک اضافی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز تک کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے نہ ہی کوئی بارشوں کا نظام کراچی سے گزرنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ہوشیار کر دیا ہے مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے شہر کے برساتی نالوں کی صفائی کام شروع نہیں کیا گیا ہے۔ ایسی صورتحال میں شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال این ڈی ایم اے نے کراچی کے نالوں کی صفائی کا بیڑا وفاقی حکومت کی ہدایت پر اٹھایا تھا تاہم کراچی میں آنے کے بعد این ڈی ایم اے نے برساتی نالوں کی صفائی شہری اداروں کے افسران کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا۔
شہریوں نے این ڈی ایم اے کے کراچی کے نالوں کی صفائی کا بیڑا اٹھانے پر اطمنان کا اظہار کیا تھا تاہم 2020 گزرے ایک سال ہو گیا اور 2021 کا مون سون آگیا تاہم نالوں کی مکمل صفائی کا کام جوں کا توں پڑا ہے صرف چاکنگ پوائنٹس کی صفائی کی جا سکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چوہدری نثار نےکل پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کا اعلان کردیا