پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار دانیال ظفر نے ماہرہ خان کے ساتھ مشترکہ ڈرامے میں چھوٹے بھائی کا کردار نبھانے کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ گلوکارعلی ظفر کے چھوٹے بھائی نے کہا کہ ماہرہ خان کو میری بڑی بہن بننا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل تانا بانا سے اداکاری کے میدان میں پہلا کامیاب قدم رکھنے والے فنکار دانیال ظفر نے ماہرہ خان کی پروڈکشن بارہواں کھلاڑی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ماہرہ کے ساتھ اداکاری کرنی پڑ گئی تو یہ ایک مشکل صورتحال ہوگی۔
دانیال ظفر نے کہا کہ سوچنے کی بات یہ ہے کہ ہم کس قسم کا کردار کریں گے، ہوسکتا ہے کہ ماہرہ کو میری بڑی بہن یا اسی طرح کا کوئی اور کردار کرنا پڑے۔ آئندہ 3 سے 4 سال کے بعد ماہرہ خان کے ساتھ ایک ہی ڈرامے میں کام کرنا چاہوں گا ۔دانیال نے ماہرہ کی تعریف بھی کی۔
ایک پروڈیوسر کے طور پر ماہرہ خان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے دانیال ظفر نے کہا کہ ماہرہ اپنی پہلی پروڈکشن بارہواں کھلاڑی کیلئے پرجوش نظر آئیں اور اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے ویب سیریز کے اسکرپٹ پر کافی توجہ دی اور آخر تک اس میں تبدیلیاں بھی کرتی رہیں۔
بارہواں کھلاڑی ماہرہ خان کی پروڈکشن میں بننے والی پہلی ویب سیریز ہوگی جسے یو ٹیوب پر دیکھا جاسکے گا۔ دانیال ظفر کے علاوہ سیریز میں شاہ ویر جعفری، کنزہ ہاشمی، سرمد سلطان کھوسٹ، ضرار خان اور میرا سیٹھی بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سینئر اداکارہ نفیسہ نے بھارتی گلوکار لکی علی کی وفات کی خبروں کی تردید کردی