کراچی میں ٹریفک پولیس نے آپریشن نائٹ کلین اَپ کے دوران سڑک پر قائم ناجائز تجاوزات ختم کردی ہیں جس کی نگرانی ایس ایس پی ٹریفک سنٹرل نے کی۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک سنٹرل اعجاز الدین کی زیرِ نگرانی ضلع وسطی میں ناجائز تجاوزات کے خلاف رات گئے آپریشن کلین اپ کیا گیا۔ آپریشن میں ڈی ایس پی ٹریفک جمشید شوکت، ڈی ایس پی لیاقت آباد، جعفر عباس اور ایس ایچ او عزیز آباد کے علاوہ ٹریفک سنٹرل کی انکروچمنٹ ٹیم اور دیگر اسٹاف نے حصہ لیا۔
لیاقت آباد سپرمارکیٹ، کریم آباد، عزیز آباد، لیاقت آباد ڈاکخانہ، تین ہٹی، پی آئی بی اور سنٹرل جیل کے اطراف مین روڈ پر قائم ناجائز تجاوزات کو لفٹر کی مدد سے سڑکوں سے اٹھا کر ٹرکوں میں لوڈ کرکے امپاؤنڈ یارڈ نیول کالونی روانہ کیا گیا۔ آپریشن نائٹ کلین اپ سے ٹریفک کی روانی میں کسی خلل کے بغیر تجاوزات ہٹائی گئیں۔
پولیس افسران نے سارا دن ڈیوٹی کرنے کے بعد اضافی وقت لگا کر ٹریفک کی روانی میں خلل کا باعث غیر قانونی تجاوزات کو ہٹا کر عوام کی آسانی کیلئے تندہی سے کام کیا۔ کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن نائٹ کلین اپ جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: قانون کی خلاف ورزی پکڑنے کیلئے ٹریفک پولیس کا سائیکل اسکواڈ تیار