پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے غیر ذمہ دارانہ بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں جبکہ دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع نے پاکستان کی سالمیت پر انگلی اٹھائی ہے جبکہ ان کا بیان اشتعال انگیز ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کر رہے ہیں، امید ہے دھرنا نہیں ہوگا۔شیخ رشید
دفتر خارجہ نے کہا کہ راج ناتھ کا بیان بھارتیہ جنتا پارٹی کی کھوکھلی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جس سے انتہا پسند سوچ اور طاقت کے نشے میں چُور غیر ذمہ داری کی عکاسی ہوتی ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے جسے توڑنے کی دھمکیاں دینا غیر ذمہ داری کی بد ترین علامت ہے جبکہ ہم مادرِ وطن پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن کے دفاع کے لیے سینہ سپر ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل دفتر خارجہ نے افغانستان سے درخواست کی کہ وہ پشاور میں اپنے قونصل خانے کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔دفتر خارجہ نے افغان مارکیٹ سے متعلق متنازع اراضی کے حوالے سے تمام الزامات کی تردید کی۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ ’ہم افغان وزیر خارجہ کی جانب سے پشاور میں مارکیٹ سے متعلق تمام بیانات کو مسترد کرتے ہیں‘۔اس ضمن میں مزید کہا گیا کہ ’یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ اس مسئلے اور اس سے متعلقہ واقعات پر مسخ شدہ اور گمراہ کن باتیں کی گئیں‘۔انہوں نے بتایا کہ ’مارکیٹ سے متعلق مسئلہ ایک شخص اور افغانستان میں موجود بینک کے درمیان ہے اور اس ضمن میں عدالت نے 1998 میں اس شخص کے حق میں فیصلہ سنایا تھا‘۔
مزید پڑھیں: افغانستان پشاور میں قونصل خانہ کی بندش کے فیصلے پر نظرثانی کرے، دفتر خارجہ