گزشتہ روز کے افسوسناک کوئٹہ دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کے خدشے کے پیشِ نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ روز سرینا ہوٹل بم دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ شہرِ اقتدار کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کردی گئی ہے۔
پولیس حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام افسران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس کو موبائل ناکوں پر مشکوک گاڑیوں کو چیک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مشکوک افراد اور گاڑیوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سرینا چوک پر ہوٹل کی نجی پارکنگ میں زور دار دھماکے کے نتیجے 4افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں خود کش حملہ آور کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تاہم تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے سے قبل واضح طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ،سرینا چوک پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکہ، 4افراد جاں بحق،متعددزخمی