لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ساؤتھ افریقہ کیخلاف سیریز میں کامیابی سے قومی ٹیم کا اعتماد بحال ہوا ہے، جو ایک اچھی پیشرفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی بڑی ٹیم کو اسی کی سرزمین پر شکست دینے سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوتا ہے، زمبابوے جیسی ٹیموں کیخلاف کارکردگی کا زیادہ دبا ؤ اورلوگوں کی توقعات زیادہ ہوتی ہیں۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ زمبابوے کے پاس کھونے کو کچھ نہیں،میزبان ٹیم اپنی کنڈیشنز سے آگاہ اور موقع کی تلاش میں ہوگی۔ زمبابوے کے خلاف جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، کھلاڑیوں کو پتہ ہے کہ ذرا سی غلطی ہمارے لئے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میچ جیتنا سب سے اہم ہے کیونکہ ہارجائیں تو لوگ باتیں کرتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ یکدم ساری تبدیلیاں نہیں کرسکتے، روٹیشن پالیسی بنائیں گے،نئے لڑکوں کو مواقع تو دیں گے مگرمتوازن کمبی نیشن بھی بنانا اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی کنڈیشنز جنوبی افریقہ سے مختلف اور پاکستان سے ملتی جلتی ہوں گی،مگر باؤنس ہوم پچز سے تھوڑا زیادہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے کارکردگی دکھائی ہے ان کے لئے عمدہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھنے جبکہ نئے لڑکوں کے لئے کچھ کر دکھانے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کی فکر نہ کی جائے کیونکہ ہماری گہری نظر ہے اسے جہاں ضرورت ہو گی آرام دیں گے۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم میں کئی نئے کھلاڑی شامل ہیں، ان کو مواقع دے کر مستقبل کے لئے تیار کیا جاسکتا ہے۔