تیرانا: یورپی مسلم اکثریتی ملک البانیہ کے دارالحکومت میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، چاقو بردار شخص نے مسجد میں داخل ہوکر نمازیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ البانیہ کے دارالحکومت تیرانا میں نماز ظہرادا کی جارہی تھی کہ 34 سالہ چاقو بردار شخص مسجد میں داخل ہوا اور بلا اشتعال نمازیوں پر چاقو سے حملہ کردیا۔
افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے34 سالہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا، حراست میں لئے گئے شخص کی شناخت روڈلف نکولی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزم نے تاحال حملے کی وجہ نہیں بتائی جب کہ اب تک پولیس ملزم کے مذہب اور خاندان کے بارے میں معلومات حاصل نہیں کر پائی ہے۔تاہم اس سے معلومات حاصل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
ریسکیو ادارے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پانچوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ زخمی ہونے والوں کی عمریں 22 سے 35 سال کے درمیان ہے۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
امام مسجد محمد احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے باعث مسجد نمازیوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی، حملہ آور کو جلد قابو کرلیا گیا تھا جس کے باعث زیادہ نقصان نہیں ہوا۔اگر حملہ آور کو فوری قابو نہ کیا جاتا تو نقصان زیادہ ہوسکتا تھا۔