کابل:پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ ننگرہار کے صدر مقام جلال آبادشہر میں دہشت گردوں نے نمازتراویخ کے دوران فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کوقتل کردیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں باپ‘پانچ بیٹے اور تین بھتیجے شامل ہیں۔دہشت گردی کی اس واردات کے بعد مسلح ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سرحد پار سے موصولہ اطلاعات اور افغان میڈیا کے مطابق یہ المناک واقعہ ہفتہ کی رات مقامی وقت کے مطابق 9بجے جلال آباد شہر کی ایک مسجد میں اْ س وقت پیس آیا جب لوگ نماز تراویخ پڑھنے میں مصروف تھے۔ اسی اثناء میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی۔
افغان میڈیا نے صوبائی گورنرضیاء الحق امرخیل کے حوالے سے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم پولیس تحقیقات کررہی ہے۔
گورنر کے مطابق جاں بحق افراد میں حاجی عبدالوہاب اور اْن کے پانچ بیٹے اور تین بھتیجے شامل ہیں۔بعض اطلاعات کے مطابق مقتولین اور ملزموں کا جائیداد کا تنازعہ تھا۔تاہم اس حوالے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔