اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر جرمنی کے شہر برلن پہنچ گئے ہیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق برلن ہوائی اڈے پر جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل ، جرمنی کی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جرمنی، دنیا کی اہم اقتصادی اور سیاسی قوت ہے،جرمنی کے ساتھ پاکستان کی وابستگی، تاریخی نوعیت کی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مفکر پاکستان حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے نہ صرف یہاں اعلیٰ تعلیمی مراحل مکمل کی بلکہ انہوں نے گوئٹے اور فریڈرک جیسے عظیم دانشوروں کی فکر سے بھی استفادہ کیا۔
تجارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی یورپی ممالک کے ساتھ ہونے والی دو طرفہ تجارت کے حجم میں، سب سے زیادہ حصہ جرمنی کا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی برلن میں، اپنے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔
ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات میں اضافے کے ساتھ ساتھ، دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کے میسر مواقعوں اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ برلن میں جرمن پارلیمان کے صدر جناب وولف گانگ شوئبلے سے بھی ملاقات کریں گے اور دو طرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے جبکہ وزیر خارجہ، پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کریں گے اور جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : چیئرمین پیپلزپارٹی نے شاہد خاقان عباسی کا شوکاز نوٹس پھاڑ کر پھینک دیا