قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ملک کے موجودہ وزیرِ اعظم عمران خان کو کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتے ہوئے 29 سال مکمل ہوگئے ہیں۔پاکستان نے کرکٹ کا پہلا اور آخری ورلڈ کپ 25 مارچ 1992ء کو جیتا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی تاریخ میں قومی کرکٹ ٹیم صرف ایک ہی بار ورلڈ کپ پاکستان لانے میں کامیاب ہوسکی، 1999ء میں پاکستان فائنل تک صرف ایک بار پہنچا جہاں آسٹریلیا نے پاکستان کو ہرا کر ورلڈ کپ جیت لیا۔
قبل ازیں پاکستان 1979ء، 1983، 1987ء اور 2011ء میں کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز تک پہنچا جبکہ کوارٹر فائنلز تک 1996ء اور 2015ء میں پہنچنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کسی قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔
سابق کپتان جاوید میانداد کو کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کا منفرد ترین کھلاڑی سمجھا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے 4 ورلڈ کپس میں شرکت کی جو کسی بھی دوسرے پاکستانی کھلاڑی کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔
کپتان عمران خان کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو 1992ء کے فائنل میچ میں 22 رنز سے شکست دی۔ پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کو جیتنے کیلئے 250 رنز کا ہدف دیا گیا۔
پاکستان کے مقابلے میں انگلینڈ کی ٹیم 227 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور وسیم اکرم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ عمران خان نے سب سے زیادہ 72 رنز بنائے۔ جاوید میانداد 58 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے۔
وسیم اکرم اور مشتاق احمد نے 3،3 وکٹیں لیں۔ عاقب جاوید نے 2 جبکہ عمران خان نے 1 وکٹ لی۔ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے سامنے 50 اوور بھی مکمل طور پر نہ کھیل سکی۔میچ 50ویں اوور کی دوسری گیند پر ہی ختم ہوگیا۔ ورلڈ کپ پاکستان کے نام رہا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ،بابر اعظم نے روہت شرما سے دوسری پوزیشن چھین لی