لاہور: پولیس نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ قومی اسمبلی جاوید لطیف کے خلاف ریاستِ پاکستان سے بغاوت پر اُکسانے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و رکنِ اسمبلی جاوید لطیف کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ اور ریاستِ پاکستان سے بغاوت کی دفعات پر مبنی مقدمہ لاہور ٹاؤن شپ کے رہائشی جمیل سلیم کی مدعیت میں درج ہوا۔
داتا کی نگری لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ کے تھانے میں جاوید لطیف کے خلاف مقدمے (ایف آئی آر) کے متن میں کہا گیا ہےکہ جاوید لطیف کی بیان بازی اور قومی اداروں کے خلاف گفتگو سے عوام میں خوف و ہراس پھیلا۔
قبل ازیں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں متنازعہ بیان دیتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ بے نظیر کی ہلاکت پر سابق صدر نے پاکستان کھپے کہا تاہم اگر مریم نواز کو کچھ ہوا تو پاکستان نہیں کھپے گا، مشرقی پاکستان والی تاریخ دہرائی جائے گی۔
سانحہ مشرقی پاکستان کو سقوطِ ڈھاکہ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے جس کے دوران ملک دو لخت ہوگیا۔ ن لیگی رہنما جاوید لطیف کے بیان پر عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے جس پر لاہور کے شہری نے مقدمہ درج کرا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: لانگ مارچ ، قربانی کی عید سے پہلے حکومت کی قربانی ہوگی۔رانا ثناء اللہ