دوحہ: وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد 2 روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے جہاں شیخ رشید سیکیورٹی اور سول ڈیفنس سے متعلق عالمی نمائش میں شریک ہوں گے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد داخلہ سیکیورٹی اور شہری دفاع کے حوالے سے عالمی نمائش میں شرکت کیلئے قطر پہنچے ہیں۔ دوحہ ائیر پورٹ پر وزیرِ داخلہ کا استقبال پاکستانی سفیر نے کیا۔
ملی پول کے عنوان سے عالمی نمائش میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے متعدد ممالک کے رہنما اور حکامِ بالا شریک ہیں۔ نمائش میں شریک حکام دنیا کو محفوظ بنانے اور سیکیورٹی صورتحال کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تبادلۂ خیال کریں گے۔
وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد عالمی نمائش میں پاکستان کی نمائش کیلئے دوحہ پہنچے ہیں جہاں وہ عالمی نمائش سے خطاب کریں گے اور پاکستان کی جانب سے لگائے گئے اسٹال کا دورہ بھی کریں گے، مشرقِ وسطیٰ میں یہ اپنی طرز کی پہلی نمائش ہے۔
عالمی نمائش آج سے دوحہ مرکزِ نمائش (ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سنٹر) میں شروع ہوگی جو 17 مارچ تک جاری رہے گی۔ نمائش میں 17 ممالک کی 71 بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندے حصہ لے رہے ہیں۔
اپنے سرکاری دورے کے دوران وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد قطری وزیرِ اعظم شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی سے ملاقات کریں گے اور وزیرِ اعظم عمران خان کا قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کیلئے خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔
قطر کی اعلیٰ سیاسی و ملکی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد پاک قطر تجارتی و معاشی تعلقات اور دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کریں گے اور پاکستانی افرادی قوت کی قطر میں کھپت کے حوالے سے بھی گفتگو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں امن کیلئے پاک فوج کی کوششیں نا قابل فراموش ہیں۔شیخ رشید احمد