جہلم: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار دینا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ سیاحت کے فروغ سے بےروزگاری پر قابو پاسکتے ہیں۔
جہلم کے قلعہ نندنہ کے تاریخی البیرونی مقام پر ثقافتی ورثے (ہیریٹج ٹریل) کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو اپنی تاریخ کا علم ہونا چاہیے، دنیا بھر کی اقوام اپنے تاریخی مقامات کو محفوظ رکھتی ہیں، تاریخی مقامات کی حفاظت سے آنے والی نسلوں کو آگہی ہوتی ہے، ماضی میں ہمارے آثار قدیمہ کے ماہرین نے اس سلسلے میں کام نہیں کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ البیرونی نے پہلی دفعہ اس مقام پر دنیا کی پیمائش کی۔ نندنہ قلعے کو ترقی دیں گے تو یہ علاقہ بھی دنیا کے نقشے پر آجائے گا، نوجوانوں کو روزگار دینا سب سے بڑا مسئلہ ہے، سیاحت کو فروغ دے کر ہم بے روزگاری ختم کرسکتےہیں، سیاحت کو مقامی لوگ کامیاب کرتے ہیں، مقامی لوگ سیاحوں کا خیال رکھیں تو ان کو وسائل ملیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہیرٹیج ٹریل میں ایک پورے علاقےکا تعین کیا گیا ہے، سیاح کے لیےاچھی جگہ نہ ہو کوئی اس کا خیال نہ رکھےتو کوئی نہیں آئےگا، مقامی لوگ سیاح کا خیال رکھیں گےتو ان کو وسائل ملیں گے، وفاقی حکومت سیاحوں کی ٹھہرنےکی سہولتوں کےحوالےسے مزید آسانیاں پیدا کرے گی، علاقے کی خوبصورتی میں مزید اضافے کے لئے یہاں زیتون کے درخت لگانے جارہے ہیں۔
معاون خصوصی زلفی بخاری اور وفاقی وزیر فواد چوہدری اور وزیر اعلیٰ پنجاب بھی دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ تھے، اس کے علاوہ دورہ جہلم میں وزیراعظم ٹلہ جوگیاں نیشنل پارک،سالٹ رینج نیشنل پارک کا بھی افتتاح کرینگے، وزیراعظم کوجنگلی حیات،ماحولیاتی تحفظ کےاقدامات پربریفنگ دی جائےگی۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان سے قبل کراچی میں مہنگائی کاطوفان،انتظامیہ خاموش،شہری پریشان