کراچی: گلشن اقبال میں اسٹریٹ کرائم کے دوران قتل کی جانے والی میڈیکل کی طالبہ مصباح کے قاتل کو پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے مبینہ ملزم محمد نبی گرفتار کرلیا گیا ہے، افغانی ملزم پہلے کچرا چنتا تھا۔
ايس ايس پی ايسٹ اظفر مہيسر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چھ روز قبل کراچی میں ڈکیتی کے دوران جاں بحق ہونے والی ہمدرد یونی ورسٹی کے طالبہ مصباح کا قاتل پکڑا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے میڈیکل کی طالبہ کو قتل کرنے والا ملزم چھینے گئے موبائل فون سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم محمد نبی کو گرفتار کرکے لڑکی کے والد سے چھینا گیا موبائل فون، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ گرفتار ملزم محمد نبی افغانی اسٹریٹ کرمنل ہے جس کا ساتھی قاری بشیر افغانی تاحال فرار ہے، ملزمان نے گزشتہ ہفتے گلشن اقبال میں موچی موڑ پر اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران فائرنگ کرکے طالبہ مصباح کو قتل کردیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ملزمان نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کی جبکہ ان کا موقف ہے کہ وہ خود کو بے گناہ کہتا ہے لیکن حقیقت یہی ہے کہ انہوں نے ارادتاً فائر کیا ’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ایس پی کی زیر نگرانی تفتیشی ٹیم نے اچھی کارروائی کی اور 4 روز کے اندر اتنا بڑا کیس حل ہوا ہے جس کا ان کو کریڈٹ دینا چاہیے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم ایک سال قبل کچراچنتا تھا اور بعد میں اس نے بیٹریاں چرانا شروع کیا اور گزشتہ پانچ ماہ سے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسٹریٹ جرائم شروع کردیں۔
ایس ایس پی اظفر مہیسر نے کہا کہ ملزم نے دوران تفتیش گلشن اقبال، مبینہ ٹاؤن، گلستان جوہر، شارع فیصل، بہادر آباد، عزیز بھٹی، سچل اور سپرہائی وے میں وارداتوں کو کا اقرار کیا ہے۔
واضح رہے کہ 3اکتوبر کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں موچی موڑ کے نزدیک یونی ورسٹی جانے والی لڑکی مصباح کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ ڈسٹرکٹ ایسٹ اور سولجربازار پولیس نے کارروائی کرکے ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر عبدالسلام کو گرفتار کیا’۔
ملزم نے پولیس، رینجرز اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 111 افراد کو قتل کیا۔ ایس ایس پی کے مطابق ملزم عبدالسلام 5 لڑکیوں سے زیادتی بھی کر چکا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ سب انسپکٹرغوث پر ملزمان نے تین فائر کئے ایک گولی لگی۔ انہوں نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملے کا مقدمہ دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کیا جائے گا۔