کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بدھ کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اورکے ایس ای 100انڈیکس مزید354.29پوائنٹس کے اضافے سے 46933.63پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ 53.88فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 46رب49کروڑ38لاکھ روپے بڑھ گئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی منگل کی نسبت31.67 فیصد زائد رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور حصص خریداری کا رجحان دیکھنے میں آیاجس کے باعث تیزی رہی۔
کے ایس ای 100انڈیکس دوران ٹریڈنگ47ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 47ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 47124پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے حصص فروخت کا دباوٗ بڑھنے کے باعث انڈیکس کی47ہزار کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہااورکاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس354.29پوائنٹس کے اضافے سے 46933.63پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 170.19پوائنٹس کے اضافے سے 19568.76پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 190.99پوائنٹس کے اضافے سے 32358.96پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر438کمپنیوں کا کاروربار ہوا جس میں سے236کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ184میں کمی اور 18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت84کھرب27ارب11کروڑ1لاکھ روپے سے بڑھ کر84کھرب73ارب60کروڑ39لاکھ روپے ہوگئی۔