اسلام آباد: این اے 249 سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والےامیدوارنے فیصل واؤڈا کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لئے کل مقرر کردی۔
تفصیلات کے مطابق قادر خان مندوخیل نے فیصل واؤڈا نااہلی کیس میں فریق بننے کے لیے درخواست اپنے وکیل راجا نذیر ایڈووکیٹ کے ذریعے جمع کرائی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ فیصل واؤڈا نے عام انتخابات سے قبل کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت جھوٹا بیان حلفی دیا۔ درخواست گزارکے مطابق فیصل واؤڈا نے امریکی شہریت چھپائی اور جھوٹ بولااس لئے فیصل واؤڈا صادق اور امین نہیں رہے۔ اس لئے عدالت آئین کے آرٹیکل 62،63 کے تحت نااہل قرار دے۔
اس سے قبل این اے 249 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواست دی تھی۔
یاد رہے کہ فیصل واوڈا کراچی کے حلقے این اے 249 سے الیکشن جیت کر قومی اسمبلی پہنچے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل شہباز شریف کو چند سو ووٹوں سے شکست ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:فیصل واوڈا کو قومی اسمبلی کی رکنیت اور وزارت بچانے کیلئے ایک اور موقع مل گیا