کراچی: معروف سافٹ وئیر ہاؤس ڈجیٹونکس پر ایف آئی اے کا چھاپہ،جعلسازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی اے نے سافٹ ویئر ہاؤس سے لیپ ٹاپ ڈیٹا،فون ریکارڈ،موبائل سمیت متعدد سامان بر آمدکرلیا۔
مقدمے میں فراڈ،بلیک میلنگ اور بھتہ خوری کی دفعات شامل کی گئی ہیں، منی لانڈرنگ کا بین الاقوامی نیٹ ورک چلانے کا بھی انکشاف، آج دوبارہ چھاپہ مار کر مزید چیزیں بھی تحویل میں لے لی گئیں، سافٹ وئیر ہاؤس کو سیل کر دیا گیا۔
عالمی جعلسازی کے الزام میں ایف آئی اے نے نجی سافٹ وئیر ہاؤس کے سی ای او برہان مرزا سمیت 8 ملازمین کو بھی حراست میں لے لیا ہے اور جعلسازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
نجی سافٹ وئیر ہاؤس ڈجیٹونکس لمیٹیڈ کے سی ای او برہان مرزا اور گرفتار ملازمین پر الزام ہے کہ وہ اندرون و بیرونِ ملک عوام سے جعلسازی، فراڈ اور بلیک میلنگ میں ملوث تھے۔ایف آئی اے کا دعویٰ ہے کہ سافٹ ویئر ہاؤس کی آڑ میں عوام کے ساتھ فراڈ اوربلیک میلنگ اور بھتہ خوری کی جارہی تھی۔
ڈجیٹونکس لمیٹیڈ کے نام سے ملزمان ہیکنگ اور دیگر ذرائع سے عوام کی ذاتی معلومات حاصل کرتے اور کریڈٹ کارڈز سے رقومات اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کر لیا کرتے تھے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے برہان مرزا سمیت 8 ملازمین کو گرفتار کر لیا۔
مذکورہ سافٹ وئیر ہاؤس ڈجیٹونکس لمیٹیڈ کا مالک جنید منصور اور دیگر 2 افراد تاحال مفرور ہیں۔ ملزمان عوام کو 100 ڈالر کی سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر پھنساتے تھے۔ ایف آئی اے افسر کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سی ای او برہان مرزا کے لیپ ٹاپ سے مشکوک مواد بھی ملا ہے جس پر تفتیش کی جائے گی۔ ملزمان کو آج عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خفیہ اطلاع پر شاہراہِ فیصل پر واقع سافٹ وئیر ہاؤس ڈجیٹونکس لمیٹیڈ پر چھاپہ مارا جس کے دوران 1 شخص کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل نے یہ کارروائی نجی کمپنی کے سافٹ وئیر ہاؤس پر 2 روز قبل کی جس میں موجود افراد اور افسران سے گھنٹوں پوچھ گچھ کی گئی۔
مزید پڑھیں: شاہراہِ فیصل پر واقع سافٹ وئیر ہاؤس پر چھاپہ، 1 شخص گرفتار