کمشنر کراچی نوید شیخ نے ہلالِ احمر ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر شہرِ قائد میں آج سے شروع ہونے والی 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے آج ہلالِ احمر ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔ اس موقعے پر ڈی سی جنوبی ارشاد علی، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندہ ڈاکٹر احمد علی شیخ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جنوبی ڈاکٹر راج کمار، عالمی ادارۂ صحت، یونیسیف اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔
کراچی میں 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم بچ رہ جانے والے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلانے کیلئے مزید 2 روز تک جاری رکھی جائے گی۔ مہم 17 جنوری تک جاری رہے گی۔ پولیو کے خاتمے تک ہر ماہ کورونا ایس او پیز کے تحت انسدادِ پولیو مہم منعقد کی جائے گی۔
والدین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کمشنر کراچی نوید شیخ نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم میں 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا مقصد بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ والدین کو چاہئے کہ اپنے 5 سال تک کے بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کے مختلف علاقوں میں 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع ہوئی جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
صوبہ بلوچستان میں 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم تمام تر 33 اضلاع میں آج سے شروع ہو رہی ہے۔ بلوچستان میں 5 سال کی عمر تک کے 24 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے مختلف علاقوں میں 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع