مدینہ منورہ: کورونا وائرس کی صورتحال کے دوران زیادہ سے زیادہ زائرین کی نماز میں شمولیت کی خاطر مسجد نبوی کی چھت کو عبادت گزاروں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مسجد نبوی کے انتظامی امور کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ اب نمازیوں کو چھت پر فرض کی ادائیگی کی اجازت دیدی گئی ہے۔ اب عبادت گزار فجر، مغرب، عشاء اور جمعہ کی نماز چھت پر بھی پڑھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کودیکھ کرکیا گیا ہے، مسجد نبوی کی چھت میں لگ بھگ 10 ہزار نمازیوں کی جگہ ہے جب کہ کورونا احتیاطوں کے پیش نظر داخلی راستوں پر جراثیم کش اسپرے گیٹ، درجہ حرات چیک کرنے والے کیمرے اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
مسجد نبوی کے انتظامی امور کے صدر نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ چھت پر نماز ادا کرنے کے خواہشمند افراد دروازے نمبر 5، 8، 21، 34 اور 37 کے راستوں سے چھت تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایسا کبھی نہیں ہوا ہے کہ نمازیوں کو مسجد نبوی کی چھت پر نماز کی اجازت دی گئی ہو، ایسا تاریخ پہلی با ر ہوا ہے کہ نمازیوں کو چھت پر نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔