چھٹی بیگم کلثوم سیف اللہ خان نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپیئن شپ آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگئی۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے جانب سے ہونے والے ایونٹ کی انعامی رقم سات لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر سے جونیئر ، سینئر، مینز اینڈ ویمنز سمیت ڈبلز ایونٹ میں تین سو کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دینگے۔ یہ سال 2020ء کا آخری اور سب سے بڑا ٹینس ٹورنامنٹ قرار دیا جارہا ہے۔ مینز میں ریکارڈ ساز قومی چیمپیئن عقیل خان اور ویمنز کی ٹاپ سیڈ عشناسہیل ہیں۔
عقیل خان کہتے ہیں کوویڈ۱۹ کی وجہ سے کافی کھلاڑی گھروں تک محدود رہ گئے تھے، اب بڑی تعداد میں انٹریز کا آنا قابل تحسین ہے۔قومی چیمپیئن کا کہناتھا کہ بڑی تیزی سے ٹینس کو فروغ مل رہا ہے جسکا منہ بولتا ثبوت وہ بال پیکرز ہیں جو اب کورٹ میں خود مقابلے کیلئے قدم جما چکے ہیں۔
ملکی سطح پر ریکارڈ مرتبہ چیمپیئن شپ جیتنے والی عشناسہیل کےمطابق ٹھنڈے موسم کے باوجود اچھے مقابلوں کی امید ہے۔ کھلاڑیوں کو ہر موسم میں کھیلنے کا عادی ہونا چاہیئے۔
بیگم کلثوم سیف اللہ خان نیشنل رینکنگ چیمپیئن کا فائنل راؤنڈ 28 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔ ٹینس کے شائقین کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم سیف اللہ خان نیشنل رینکنگ چیمپئن شپ جیسے مقابلے مسلسل ہونے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: چھٹی بے نظیر شہید ٹینس چمپئن شپ، سائرہ محبوب نے لیڈیز سنگلز کا ٹائٹل جیت لیا