ہملٹن: میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے سیڈن پارک میں کھیلا گیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ پاکستان کے خلاف 9 وکٹوں سے جیت لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیویز نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی طرف سے دیا گیا 164 رنز کا ہدف آسانی سے پورا کر لیا جبکہ آخری اوور کی 4 گیندیں ابھی باقی تھیں۔ نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی مارٹن گپٹل تھے۔
حارث رؤف کی ایک تیز گیند پر فہیم اشرف نے نیوزی لینڈ کے اوپنر کا کیچ پکڑا جس نے پاکستان کے خلاف 2 چھکے لگا کر 21 رنز اسکور کیے تاہم اس کے بعد پاکستانی باؤلرز کوئی ایک بھی وکٹ گرانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
کین ولیمسن اور اسٹیفرٹ پاکستانی باؤلرز کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے۔ اسٹیفرٹ نے 3 چھکے اور 8 چوکے لگا کر 84 رنز بنائے جبکہ ولیمسن نے 8 چوکے اور 1 چھکا لگا کر 57 رنز اسکور کیے۔
قبل ازیں پاکستان کے محمد حفیظ نے 20 اوورز میں پاکستان کو 163 رنز اسکور کرنے کیلئے اپنے کیرئیر کا بہترین اسکور یعنی 99 رنز بنائے تھے۔ محمد حفیظ نے 10 چوکے اور 5 چھکے لگا کر 57 بالز پر 99 رنز بنائے جو ایک عمدہ اننگز کہی جاسکتی ہے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان کپتان شاداب خان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی طرح اِس بار بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکا کیونکہ پاکستانی ٹیم 9ویں اوور کی دوسری گیند تک 56 کے اسکور پر 4 وکٹیں کھو چکی تھی۔
حفیظ نے اپنا کھیل جاری رکھا تاہم دوسری سمت سے انہیں کوئی مدد نہ مل سکی، خوشدل شاہ نے 20 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔ عماد وسیم بھی 2 چوکوں کے ساتھ محض 10 رنز بنا سکے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
مجموعی طور پر 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز نیوزی لینڈ نے جیت لی ہے تاہم پاکستانی ٹیم کو وائٹ واش سے بچنے کیلئے اپنا تیسرا ٹوی ٹوئنٹی میچ میزبان ٹیم کے خلاف جیتنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان شاہینز نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد 4 روزہ میچ جیت گئے