کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں قرنطینہ میں وقت گزارنے والی پاکستانی ٹیم کو پریکٹس کی اجازت مل گئی جس کے بعد کرکٹ اسکواڈ کل سے ہی آئسولیشن سے آزاد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزارتِ صحت نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو پریکٹس کی اجازت دے دی ہے۔ گزشتہ روز قومی اسکواڈ کا کورونا وائرس ٹیسٹ لیا گیا تھا جس کی رپورٹ منفی آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم اسکواڈ کے 52 اراکین کل کرائسٹ چرچ کی آئسولیشن چھوڑ کر معمول کے مطابق کرکٹ کی پریکٹس کرسکیں گے جبکہ 1 رکن کی قرنطینہ کی مدت 2 روز بعد پوری ہوگی جو جمعرات کے روز کوئنز ٹاؤن پہنچے گا۔
قرنطینہ کی مدت ختم ہونے کے بعد قومی کرکٹ اسکواڈ پر کورونا ایس او پیز کے قواعد و ضوابط لاگو نہیں ہوں گے۔ کھلاڑی اپنے معمول کی کرکٹ پریکٹس کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف کرکٹ سیریز کیلئے تیار ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں بعض قواعد سے پاکستانی کھلاڑی ذہنی و جسمانی طور پر متاثر ہوئے۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے گزشتہ روز کہا کہ ہم مشکل حالات میں صبر اور برداشت کا بہترین مظاہرہ کرنے والے ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کے مشکور ہیں جنہوں نے کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے دوران کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی میں اپنا اہم کردار ادا کیا ۔
مزید پڑھیں: کھلاڑی بعض قواعد سے ذہنی و جسمانی طور پر متاثر ہوئے۔ہیڈ کوچ