کراچی میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس مقابلے کے بعد 1 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب رہا جبکہ دوسرا گرفتار ہوگیا جس کے قبضے سے 3 موبائل فونز اور پرس برآمد ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شارعِ فیصل پر پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 1 ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ پرفیوم چوک کے قریب پولیس موبائل کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی تھی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈکیت بشیر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم کا دوسرا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوا۔ متاثرہ شہری نے کہا کہ گلستانِ جوہر کے قریب دو ڈکیتوں نے 8 نئے موبائل فونز اور 1 لاکھ 20 ہزار روپے چھین لیے تھے اور فرار ہو گئے جن کا میں تعاقب کر رہا تھا۔
متاثرہ شہری علی عباس نے کہا کہ شارعِ فیصل کی پولیس موبائل دیکھ کر میں نے ڈکیتوں کے بارے میں اطلاع دی۔ گشت پر مامور شارعِ فیصل پولیس نے ڈکیتوں کا پیچھا شروع کردیا۔ پولیس مقابلے کے بعد گرفتار ملزم کے قبضے سے 1 غیر قانونی ٹی ٹی پستول، 3 موبائل فونز، 3 ہزار روپے اور پرس برآمد ہوا۔
ایس ایچ او تھانہ شارعِ فیصل افتخار آرائیں کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے پر مزید تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 13 سالہ بچے سے کبوتر دینے کے بہانے جنسی زیادتی، ملزم فرار