کراچی میں پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مختلف کارروائیوں کے دوران 5 کروڑ روپے کا سامان ضبط کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 2 روز میں کسٹمز نے 3 مختلف کامیاب کارروائیاں کیں، چنیوٹ سے شارجہ کیلئے بک کرائے گئے پارسل سے 7 قدیم اور نایاب قسم کے کوائن برآمد کیے گئے جن کی تصدیق محکمۂ آثارِ قدیمہ نے کی۔ مالیت کا اندازہ نہ کیا جاسکا۔
دوسری کارروائی میں گلبرگ لاہور سے ہانگ کانگ کیلئے بک کرائے گئے پارسل سے 300 سائیکو ٹراپک (نشہ آور) گولیاں برآمد کی گئیں جبکہ تیسری کارروائی کے دوران دبئی سے کراچی آنے والے مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی۔
سامان کی تلاشی کے دوران مہنگے ترین موبائل فونز، 10 ہزار میموری کارڈز، مصنوعی زیورات اور قیمتی پتھر برآمد کر لیے گئے۔ کسٹمز کے مطابق تینوں کارروائیوں میں ضبط کیے گئے سامان کی مالیت 5 کروڑ روپے بنتی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں پسے ہوئے پتھروں کی آڑ میں 1 کروڑ 40 لاکھ روپے کی چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔
پاکستان کسٹمز پریوینٹیو کراچی نے موچکو پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈمپر سے 14 ہزار کلو گرام مضرِ صحت چھالیہ برآمد کی۔
مزید پڑھیں: 1 کروڑ 40 لاکھ کی چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام