اسلام آباد: وزیراعطم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ذاتی مفاد کی خاطر ملک دشمنوں کی زبان بول رہی ہے، ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کیا جائے گا، عوام اپوزیشن جماعتوں کے عزائم جان چکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں اپوزیشن کے بیانیے، ملکی معیشت اور گلگت بلتستان الیکشن سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ہدایات جاری کیں کہ ترجمان قومی بیانیے پر فرنٹ فٹ پر آکر کھیلیں۔ عوام اپوزیشن جماعتوں کے عزائم جان چکی ہے۔انہیں ہر سطح پر جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں اپوزیشن کا سرکس لگا ہوا ہے۔ مختلف سروے رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہے اور انشاء اللہ الیکشن ہم جیتیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ مہنگائی سے متعلق صوبائی حکومتیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہیں۔ آئندہ چند دنوں میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔ ملکی معیشت کے مثبت اعشاریے اپوزیشن کے لیے پریشان کن ہیں۔مہنگائی کا خاتمہ جلد ہوجائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے قومی سلامتی کے امور پر بھی سیاست کی۔ اپوزیشن ذاتی مفاد کی خاطر ملک دشمنوں کی زبان بول رہی ہے، ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے بنیادی قومی مفاد کے معاملات پر باہمی تعاون کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے چینی سفیر کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر آزمائش پر پورا اترنے والی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری قائم ہے۔
وزیر اعظم نے سی پیک کو ایک انقلابی منصوبہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زونز، صنعتوں کی منتقلی اور زراعت کے شعبہ کی پیداوار بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر چینی سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ چین سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل اور پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن اور زراعت کے شعبہ میں مکمل تعاون فراہم کرے گا۔