اسلام آباد:شہر اقتدار میں میٹرو بس کے مسافروں کے لئے ایزی بائیک کی سہولت اسلام آباد کے تمام میٹرو بس اسٹیشنوں کے باہر مہیا کر دی گئی ہے، پانچ روپے فی منٹ کے حساب سے الیکٹرک بائیک کے مزے لئے جا سکتے ہیں۔
ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایزی بائیک کے عملے نے کہا کہ ایزی بائیک آسان طریقے سے چلائی جا سکتی ہے،اس میں گیئرسسٹم نہیں ہوتا، ایک دفعہ چارج ہونے کے بعد یہ بائیک 70 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہے۔
اپنے موبائل سے اپلیکیشن اپلوڈ کریں اور کوڈ کو اسکین کرکے آپ بائیک استعمال کرسکتے ہیں، یہ مرد و خواتین آسانی سے چلا سکتے ہیں، کہیں بھی جا کر آپ نے بائیک واپس نہیں لانی، بس آپ وہیں پر بائیک چھوڑ دیں،ہمارا عملہ خود جا کر بائیک لے آئے گا۔
ایزی بائیک کے عملے کے مطابق یہ سروس صرف اور صرف اسلام آباد کے لیے شروع کی گئی ہے، بعد میں ہم اس سروس کو ملک کے دیگر شہروں میں بھی شروع کریں گے، جبکہ بائیک استعمال کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ہمیں بہت سستی سواری مل گئی ہے،اوبر اور دیگر سواریاں بہت مہنگی ہے، جبکہ یہ الیکٹرک بائیک ہمیں پانچ روپے فی منٹ کے حساب سے بہت ہی سستی اور لطف اندوز سواری ملی ہے۔
یہ ماحول دوست بائیک ہے ہم طلباء اس سے بے حد لطف اندوز ہوتے ہیں اور بائیک استعمال کرنے کے بعد صرف سو یا دو سو روپے دینے پڑتے ہیں جو کہ جیب پر بھاری نہیں پڑتے، اس سروس کے شروع ہونے سے ہمیں بہت بڑی سہولت ملی ہے،
یہسروس بہت اچھی ہے اگر ہم کہیں لیٹ ہو جائیں تو پھر ہم سے دو روپے فی منٹ چارج کیا جاتا ہے،اس پر صرف سنگل سوار سواری کر سکتا ہے،اس طرح کی سہولیات پاکستان کے مزید شہریوں میں بھی ہونی چاہئیں، تاکہ ملک کے شہری اس سے استفادہ حاصل کرسکیں۔