کراچی: ملک کے ممتاز صنعت کار شمیم فرپو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے چھوٹی صنعتوں کو بجلی کے بلوں میں 50 فیصد رعایت دینے کے پیکیج سے ملک میں صنعتی انقلاب برپا ہوگا اور اس سے ملکی معیشت مضبوط ہونے کے ساتھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو روزگار ملے گا۔
ان خیالات کا اظہار شمیم فرپو ایم ایم نیوز ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو مشکل وقت سے نکالنا شروع کردیا ہے، ماضی کے حکمراں جو کچھ بو کر گئے تھے وہ عوام کو کاٹنا پڑ رہا تھا۔
اب حکومت نے ایک ہفتے میں مہنگائی کنٹرول کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے اور امید ہے کہ عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی حکومت اس کا فوری ازالہ کرے گی، شمیم فرپو نے کہا کہ جب چھوٹی صنعتوں کو بجلی کے بلوں میں بچت ہو گی تو وہ مزید مشینری لگانے کے قابل ہو جائیں گے اور اس طرح ان کی پیداوار بڑھے گی جس سے اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ جب چھوٹی صنعتوں میں مشینری میں اضافہ ہو گا تو لازمی افرادی قوت کی ضرورت بڑھ جائے گی،اس طرح روزگار کے مواقع بھی بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت کو چھوٹے صنعتکاروں کے ساتھ بڑی صنعتوں کے حوالے سے بھی فیصلے کرنا چاہیے۔ تاکہ بڑی صنعتوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس میں سبسڈی دینے سے حکومت کو نقصان نہیں ہے کیوں کہ جب پیداوار بڑھے گی تو ٹیکس میں اضافہ ہوگا اور جب اشیاء بیرون ملک فروخت ہوں گی تو زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا۔
یہ سودہ کسی صورت حکو مت کے لیے گھاٹے کا نہیں ہوگا، صرف سمجھنے کی بات ہے، اس کے ثمرات کچھ تاخیر سے ملیں گے مگر یہ دیر پا اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے وزیر اعظم پاکستان کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے جلد اقدامات اٹھائیں گے، اعلانات تو پہلے ہی ہو چکے ہیں اب کراچی کے لوگ عملی اقدامات کے منتظر ہیں۔