لاہور: قومی انڈر 19 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کل سے شروع ہوگا جس کیلئے مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 21 روزہ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 10 لاکھ جبکہ رنرز اپ کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، وکٹ کیپر اور باؤلر کیلئے 50، 50 ہزار روپے کی رقم بطور انعام دی جائے گی۔
ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں سندھ انڈر 19 کرکٹ ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی جبکہ 31 میچز پرمشتمل ایونٹ لاہور، مریدگے اور شیخو پورہ میں کھیلا جائے گا۔
یکم ستمبر 2001ء یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کے درمیان ایک روزہ طرز کی کرکٹ کے مقابلے 13 اکتوبر سے لاہور، مریدکے اور شیخو پورہ میں شروع ہوں گے۔ فائنل میچ 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
تیس لیگ میچز کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 10 ہزار روپے اور مین آف دی فائنل کو 20 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ پہلے روز سنٹرل اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔کورونا وائرس پروٹوکولز پر سختی سے عمل ہوگا۔
ناردرن اور خیبر پختونخوا کی انڈر 19 ٹیمیں مریدکے کنٹری کلب جبکہ بلوچستان اور سندھ کی انڈر 19 ٹیمیں ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں مدِ مقابل ہوں گی۔ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اسکواڈز میں شامل نوجوان کرکٹرز کا بائیو سیکیور ماحول میں کرکٹ کا نیا تجربہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان کرکٹرز کا اپنے سینئرز کو چیلنج کرنا خوش آئند ہے،وقار یونس