اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کارروائی کرتے ہوئے فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات کا بسکٹ اشتہار نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیمرا کا یہ فیصلہ ٹی وی کمرشل کے نشر ہونے کے 1 روز بعد سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر ناظرین کے بہترین مفاد میں قومی ثقافت اور روایات کے خلاف اشتہار پر بحث چھڑ گئی جس میں مہوش حیات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی طرف سے مہوش حیات کے اشتہار پر پابندی عائد کرنے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن گزشتہ روز جاری کیا گیا جس میں ہدایت کی گئی کہ اشتہارات کے ویڈیوز مانیٹرنگ کمیٹی سے چیک کرانا ضروری ہے۔
اپنے ایک بیان میں پیمرا کا کہنا تھا کہ بسکٹ یا سرف جیسی معمولی سی پراڈکٹ کیلئے اشتہار بنانے کا یہ طریقہ مناسب نہیں ہے۔ اِس رجحان سے ناظرین کی بڑی تعداد میں بے چینی اور عدم اطمینان پیدا ہوا ہے جبکہ یہ پاکستانی معاشرے اور ثقافت کے خلاف ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سینئر صحافی انصار عباسی نے مہوش حیات کے اشتہار پر پابندی عائد کرنے پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا نے عوامی احتجاج پر بسکٹ بیچنے کیلئے نامناسب اشتہار پر تمام ٹی وی چینلز کو ایڈوائزری جاری کردی ہے
انصار عباسی نے کہا کہ پیمرا نے ٹی وی چینلز، پی بی اے اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری اقدار کا خیال رکھا جائے۔ اِس کامیابی پر تمام افراد کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اِس کے خلاف آواز اٹھائی۔
الحمدللہ! پیمرا نے عوامی احتجاج پر بسکٹ کو بیچنے کے لیے مجرے پر مبنی اشتہار چلانے پر تمام TV چینلز، PBA اور متعلقہ اداروں کو ایڈوائزری جاری کر دی ہے اور کہا کہ ہماری اقدار کا خیال رکھا جائے۔ اس کامیابی پر میں اُن تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس کے خلاف آواز اُٹھائی۔ pic.twitter.com/oKwuXpI5dn
— Ansar Abbasi (@AnsarAAbbasi) October 5, 2020
یہ بھی پڑھیں: منال خان کی بولڈ تصاویر وائرل، مداحوں نے طوفان برپا کردیا