کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما اور بحالی تنظیم ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں حقوق کے نام پر ریلیاں وہ نکال رہے ہیں جو خود حقوق غصب کرتے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ نے مہاجر صوبے کے نام پر ایک بار پھر لوگوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی ہے۔
دوسری جانب پی پی پی نے شہر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا کر خود ہی ریلی نکال کرایس او پیز کی خلاف ورزی کی ہے اور کورونا پھیلانے کی کوشش کی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے بلند ترین مقام کڈنی ہل پارک بہادر آباد میں ”وی ہیلپ ”” کی جانب سے شجر کاری مہم میں پودا لگا کر” ایم ایم نیو ” ”سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی سماجی تنظیم ” وی ہیلپ ” سے بڑی امیدیں ہیں، یہ ہی نوجوان اس شہر کو سنبھال سکتے ہیں، اب نوجوانوں کو بھر پور موقع دینا چاہیے،میں اسی لیے یہاں آیا ہوں تاکہ ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ اب میئر بھی انہی نوجوانوں میں سے ہی ہوگا جو اس شہر کی تعمیر و ترقی سے شہریوں کے بنیادی حقوق دلائے گا۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں موجود تفریح گاہوں اور پارکوں کو سابق بلدیاتی قیادت نے اجاڑ کر رکھ دیا ہے۔
یہ کس منہ سے عوام کے حقوق کے لیے ریلی نکال رہے ہیں، آج بھی حیدر آباد میں ریلی نکالی جا رہی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ وی ہیلپ آئندہ بھی عوام اور اس شہر کی خدمت میں پیش پیش ہوگی۔