اسلام آباد: عسکری قیادت نے واضح کردیا کہ پاک فوج کا ملک میں کسی بھی سیاسی عمل سے براہ راست یا بالواسطہ تعلق نہیں ہے۔
سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی پارلیمانی رہنماؤں سے اہم ملاقات ہوئی، اس دوران عسکری قیادت نے ملک کی سیاسی قیادت کو واضح طور پر بتایا کہ پاک فوج کا سیاسی عمل سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی تعلق نہیں ہے۔
پارلیمانی رہنماؤں سے ہونے والی اس اہم ملاقات میں گلگت بلتستان کے انتظامی امور اور قومی سلامتی سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔ عسکری قیادت نے ملاقات میں پاک فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھنے پر زور دیا۔
اس موقع پر عسکری قیادت نے کہا کہ الیکشن ریفارمز، نیب اور سیاسی معاملات میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ اس حوالے سے یہ کام سیاسی قیادت نے خود کرنا ہے۔
عسکری قیادت کی جانب سے اس عزم کو دہرایا گیا کہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج ہمیشہ سول انتظامیہ کی مدد کرتی رہے گی۔ عسکری قیادت نے اس موقع پر نیشنل ایکشن پلان پر تیز تر اور موثر عملدرآمد پر زور دیا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے عسکری قیادت اور پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میٹنگ میں شہباز شریف، بلاول بھٹو، سراج الحق، اسعد محمود سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔