صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی (گرین سٹی) کی تشہیری مہم چلائی جارہی ہے جس کی بکنگ فرضی نقشے پر شروع کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اوور سیز پاکستانیوں سمیت کم آمدنی رکھنے والے افراد کو گھر بنانے کا جھوٹا خواب دِکھا کر ہزاروں پلاٹوں کی فرضی نقشے پر بکنگ سے اربوں روپے لوٹےجا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گرین سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی ایل او بی، ایل او سی اور نقشے کی منظوری کے بغیر عوام کو بے وقوف بنانے میں ملوث ہے۔
گرین سٹی نامی ہاؤسنگ کی اسکیم میں ہزاروں پلاٹس کو فرضی نقشے پر ظاہر کرکے پلاٹس کی فروخت جاری ہے جبکہ سوسائٹی انتظامیہ نے اپنے دفتر میں پلاٹس کی بکنگ پر پابندی عائد کررکھی ہے کیونکہ قانونی طور پر گرین سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے پاس پلاٹوں کی فروخت کا کوئی اجازت نامہ نہیں۔
تاثر یہ دیا جارہا ہے کہ پلاٹوں کی دھڑا دھڑ بکنگ جاری ہے جبکہ سوسائٹی انتظامی نے خود ساختہ غیر قانونی ڈویلپمنٹ ظاہر کرکے اوور سیز پاکستانیوں سمیت کم آمدنی والے افراد کو بے وقوف بنانے کا کام جاری رکھا ہوا ہے۔ اٹک کے شہر فتح جنگ میں واقع گرین سٹی اسلام آباد کا حصہ دکھا کر پراپرٹی ڈیلرز عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔
پی ٹی ایم اے فتح جنگ سمیت ڈپٹی کمشنر اٹک نے بھی جعلی پلاٹس کے کاروبار پر چپ سادھ رکھی ہے جبکہ تحقیقاتی اداروں کی طرف سے بھی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنانے کا کام بے خوفی سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں فیڈرل ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کی نااہلی