اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے غیر اخلاقی اور متعصّبانہ مواد رکھنے پر 9 لاکھ ویب سائٹس کو بند کردیا ہے۔یہ اقدام پاکستانی شہریوں کی طرف سے غیر قانونی مواد کی روک تھام کے لیے دی گئی متعدد درخواستوں پر اٹھایا گیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کو بتایا گیا کہ پاکستانی شہریوں کی درخواست پر ویب سائٹس توہین مذہب، حیا سوز اور ریاست مخالف مواد کے باعث بند کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے انسانی ہتھیلیوں کے ذریعے شناخت کرنے کا نظام متعارف
پی ٹی اے نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور موبائل کے ذریعے کی جانے والی تمام مجرمانہ حرکات وفاقی تحقیقیاتی ایجنسی (ایف آئی اے) دیکھنے کا استحقاق رکھتی ہے تاہم یہ اختیار پی ٹی اے کو حاصل نہیں ہے۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا تھا کہ بند کی گئی ویب سائٹس کو پاکستان میں موجود کوئی بھی شہری کھول کر دیکھ نہیں سکے گا۔ اس طرح ویب سائٹ سے پھیلائے جانے والے ریاست، عدلیہ اور پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈہ پاکستان پر بے اثر ہوگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فیس بک نے اعلان کیا کہ ہم سیاستدانوں کی مہیا کردہ معلومات پر نظر نہیں رکھیں گے اور ان کی طرف سے شامل کیے جانے والے مواد کو خبر کے طور پر پیش کریں گے۔
مشہورومعروف سماجی رابطے کی ویب سائٹ اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم فیس بک کے حکام نے کہا ہے کہ ہم نے جعلی خبروں اور غلط معلومات کو فروغ دینے کے خلاف ایک اسکیم اور پلان ترتیب دیا ہے تاہم سیاستدانوں کو اس سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں: فیس بک کا سیاستدانوں کی معلومات پر نظر نہ رکھنے اور مواد کو خبر کے طور پر پیش کرنے کا اعلان