کراچی : سابق سفیر، سینئر تجریہ کار اور بین الاقوامی امور کے ماہر ڈاکٹر جمیل احمد خان نے کہا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے خطے کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، ایران کے چاہ بہار منصوبے سے بھارت کو علیحدہ کرنے کی دور روس نتائج سامنے آئینگے،امریکا بھارت کے توسط سے خطے میں چین کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے شاگردوں کو ایک لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ اپنے لیکچر میں ڈاکٹر جمیل احمد خان نے کہا کہ ایران کا سی پیک کا شراکت دار بننا بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، خطے میں صورتحال تبدیل ہورہی ہے اور امریکا کی چین کیخلاف سازشوں میں بھی تیزی آرہی ہے۔
بھارت کی طرف سے لداخ میں کشیدگی کو ہوا دینا کوئی اتفاق نہیں بلکہ سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا بھارت کی پشت پناہی کرکے خطے میں چین کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔
امریکا اپنے حامی ممالک کے ساتھ ملکر چین پر دبائو ڈالنے کیلئے بھارت ، فلپائن ، جاپان اور دیگر ممالک کی سامنے لارہا ہے۔امریکا اور چین کے حامی ممالک کے بلاکس اس وقت خطے میں اہم حیثیت اختیار کرچکے ہیں، پاکستان چین کے بلاک میں شامل ایک سب سے اہم ملک ہے۔
امریکا سے مثبت تعلقات کے باوجود پاکستان کا چین کی طرف رجحان قدرتی عمل ہے۔چین نے ہر کڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور خطے کے جغرافیائی خدوخال کی وجہ سے چین کا ساتھ دینا پاکستان کیلئے ناگزیر ہے۔
چین اس وقت دنیا کی ایک بڑی معیشت ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتا ہے اس لئے خطے میں بدلتے تغیرات میں ازخود بلاکس بن رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی ریٹنگ میں بہتری خوش آئند ہے۔ڈاکٹر جمیل احمد خان