پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مانسہر ہ کی حسین وادی شوگران میں سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے تین منصوبوں کا افتتاح کردیا۔ ان سڑکوں میں شوگران گھنول پاپرنگ اور مانور ویلی روڈز شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمرا ن خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا صورتحال سے دیگر شعبوں کی طرح سیاحت کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، کورونا کی مشکل صورتحال کے باوجود صوبے میں ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، ہزارہ ڈویژن میں سیاحت کو فروغ دیکر علاقے کی تقدیر بدل دیں گے۔ کائیٹ پراجیکٹس کے تحت سیاحتی مقامات کیلئے 370 کلومیٹر روڈ انفراسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے۔
نئے بجٹ میں ہزارہ کے مختلف سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کیلئے 2400 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے مزید کہاکہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے ٹورازم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
سڑکوں کے انفراسٹرکچر میں بہتری کے علاوہ نئے ٹورازم زونز قائم کئے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ محمود خان نے اس موقع پرشوگران کی خوبصورت وادی میں ریسٹ ایئریاز بنانے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وفاق اور دیگر صوبوں سے مشاورت سے عیدالاضحی کے بعد سیاحت کے شعبے کو باقاعدہ کھولنے پر کام کررہے ہیں۔
صوبے میں سیاحت کا شعبہ کو کھولنے کیلئے ایس اوپیز تیار کئے گئے ہیں جن کے تحت سیاحت کو کھولا جائے گا۔سیکرٹری محکمہ سیاحت، کھیل، ثقافت،آثارقدیمہ، میوزیم وامورنوجوانان عابد مجید کی ہدایت پر محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کی ٹیم موقع پر موجود تھیں جہاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سیاحتی مقامات کو جانیوالی تین سڑکوں کا افتتاح کیا۔
منصوبے کے تحت محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا ضلع مانسہرہ میں تین اہم سڑکیں تعمیر کریگی جس میں وادی ماہ نورروڈ، جس کی کل پیمائش 15 کلومیٹر، وادی پاپرنگ روڈ، جس کی کل پیمائش 9 کلومیٹر ہے اوروادی شوگران روڈ جس کی کل پیمائش 11 کلومیٹر، ان سڑکوں کی مجموعی لمبائی 35 کلومیٹر ہے۔
ان پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ صوبے کے سیاحتی مقامات میں سیاحوں کیلئے آرام گاہیں، سیاحت سے متعلق معلومات اور سہولت کے مراکز، نیز کیمپنگ پاڈز سائٹ پراجیکٹس کامیابی سے جاری ہیں، ان تمام اقدامات سے صوبے کی سیاحت کی صنعت کو بے حد فروغ ملے گااور اس سے روزگار کے مواقع ملنے سمیت چھوٹے پیمانے پر کاروبارکرنے میں بھی مدد ملے گی۔