اسلام آباد: وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ ڈرونز پاکستان کے شعبۂ زراعت میں انقلابی ترقی لاسکتے ہیں جس کے بعد ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے 2 زرعی ڈرونز کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کی تفصیلات سے عوام کو آگاہ کیا۔
تفصیلات بتاتے ہوئے وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ دونوں زرعی ڈرونز پاکستان میں بنائے گئے ہیں۔ 16 لیٹر کیڑے مار زہر 18 منٹ تک اسپرے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پہلے پورے کھیت پر اسپرے کیا جاتا ہے۔ پھر سنسرز بتاتے ہیں کہ فصل کے کس حصے پر بیماری حملہ آور ہوئی ہے اور صرف اس حصے پر ہی اسپرے ہوتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کھیت کی مکمل مانیٹرنگ سے لیس ڈرونز زراعت کے شعبے میں نیا انقلاب لائیں گے جس سے پاکستان میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوسکتا ہے۔
یہ دونوں زرعی ڈرونز #MadeInPakistan ہیں،16لیٹر(pesticide)18منٹ تک اسپرے کرنےکی صلاحیت رکھتے ہیں،پہلے پورا کھیت اسپرے کیا جاتا ہے اب سنسرز بتاتے ہیں کہ فصل کےکس حصے کو بیماری ہےاور صرف اس حصے پر اسپرے ہوتی ہے،کھیت کی مکمل مانیٹرنگ کی صلاحیت سےلیس ڈرونز زراعت میں نیا انقلاب ہوں گے pic.twitter.com/hXtA2pyPQB
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 14, 2020
ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ زرعی ڈرونز پاکستان میں زراعت کے منظرنامے میں تبدیلی پیدا کردیں گے۔
وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں زرعی ٹیکنالوجی میں زبردست ترقی ہو رہی ہے، گزشتہ روز وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی اور اے بی این نامی نجی کمپنی کے درمیان ایک اہم معاہدہ ہوا۔
سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت اور نجی کمپنی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق پاکستان ڈرونز کو ٹڈی دل حملوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرسکے گا۔
Agriculture Drones Will change Pak Agriculture scene….. landmark developments in agriculture technology Alhamdolillah… https://t.co/J7oxIqqMEQ
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 13, 2020
یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کے اثاثوں میں اضافہ، میری ٹائم پٹرول، خود کار ڈرونز فلیٹ میں شامل