کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ ہم نے شہر میں کچرا پھینک کر غلاظت پھیلانے پر پابندی عائد کردی ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے شہر، قائد میں کچرا پھینکنے کے خلاف باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہرِ قائد میں 5 ستمبر تک کسی شہری کو کچرا پھینکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کچرا صرف مقررہ مقامات پر ہی پھینکا جاسکتا ہے۔
شہرِ قائد میں دفعہ 144 کے تحت کچرا پھینکنے پر عائد پابندی کے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ 2 ماہ تک کراچی کے شہری کچرا غیر متعلقہ مقامات پر نہیں پھینک سکیں گے جبکہ یہ پابندی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی درخواست پر عائد کی گئی۔کمشنر کراچی نے ہدایت دی کہ شہری انتظامیہ پابندی پر عمل کو یقینی بنائے۔
خلاف ورزی کی صورت میں ایف آئی آر کے اندراج کے ساتھ ساتھ شہریوں کو گرفتار بھی کیاجاسکتا ہے جبکہ کچرا پھینکنے پر پابندی لگانے کا مقصد بارشوں کے دوران شہر کو گندگی اور غلاظت سے پاک رکھنا ہے۔ شہر میں نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث شہری بارشوں کے دوران ممکنہ طغیانی سے پریشان ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل میئر کراچی وسیم اختر نے خبردار کیا کہ شہرِ قائد میں نالوں کی صفائی ضروری ہے کیونکہ اگر مزید طوفانی بارشیں ہوئیں تو شہر کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم نے کراچی میں بارشوں کے دوران حالات کنٹرول کرنے کا کوئی دعویٰ نہیں کیا، وزیرِ بلدیات سندھ نے جو بتایا، عوام کو اس سے آگاہ کر رہے ہیں۔ کچرے کا ڈسپوزل ضروری ہے ورنہ نالوں کی صفائی کا کوئی فائدہ نہیں۔
مزید پڑھیں: مزید طوفانی بارشیں خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔میئر کراچی