داتا کی نگری لاہور میں گھریلو خواتین پر تشدد کے واقعات میں کمی نہ آسکی، تاجر نے اپنی بیوی پر بہیمانہ تشدد کیا ہے جس سے خاتون کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے گلشنِ راوی میں پیش آیا جہاں عمر نامی تاجر نے اپنی بیوی پر تشدد کرتے ہوئے اس کی ناک کی ہڈی توڑ دی، متاثرہ خاتون نے مقدمہ درج کرانے کیلئے مقامی پولیس کو درخواست دی تاہم مقدمہ درج نہ ہوسکا۔
گلشنِ راوی پولیس نے تاحال درخواست پر کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جبکہ خاتون کا شوہر عمر ادویات بنانے کی فیکٹری چلاتا ہے جس نے متاثرہ خاتون نازش کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کیا۔
متاثرہ خاتون نے کہا کہ گزشتہ روز خاوند نے گھریلو اختلاف کی بنیاد پر میرے ساتھ مارپیٹ کی جس سے ناک کی ہڈی ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ جسم کے دیگر حصوں پر بھی شدید چوٹیں آئیں۔
نازش نے کہا کہ متعدد بار شوہر کے ساتھ ساتھ سسرالی رشتہ دار بھی مجھ پر تشدد کر چکے ہیں جبکہ میرا شوہر عمر بااثر شخص ہے جس کے خلاف پولیس کارروائی سے کتراتی ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے جو اب تک نہیں آئی۔ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔