اسلام آباد: پاکستان نے کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے ذریعہ بے گناہ لوگوں کی مسلسل ظلم وبربریت کا نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔
جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کے ذریعہ کشمیر میں جاری غیر انسانی سلوک کل پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوپور میں تین سالہ بچے کی تصویر نے اقوام عالم کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ بھارت جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے حقیقت کو بدل نہیں سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2020 کے پہلے 6 ماہ میں جنگ بندی کی 1546 خلاف ورزیاں ہوئیں جس کے نتیجے میں 14 شہادتیں اور 114 بے گناہ شہری شدید زخمی ہوئے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے بھارتی قیادت کے دھمکی آمیز بیانات کوسنجیدہ لے۔
پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے بارے میں متنازعہ شواہد بین الاقوامی برادری کو دے چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایل او سی پر پاک فوج نے اضافی نفری تعینات نہیں کی۔آئی ایس پی آر