کراچی میں ممتاز عالمِ دین علامہ طالب جوہری علالت کے باعث انتقال کر گئے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی میں ممتاز عالمِ دین علامہ طالب جوہری علالت کے باعث انتقال کر گئے
کراچی میں ممتاز عالمِ دین علامہ طالب جوہری علالت کے باعث انتقال کر گئے

وطنِ عزیز پاکستان کے مشہورو معروف عالمِ دین علامہ طالب جوہری شہرِ قائد میں علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں جبکہ علامہ طالب جوہری کا شمار ملک کے گنے چنے اہم ترین ذاکرین میں کیا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رات گئے علامہ طالب جوہری کے بیٹے نے سرکاری ٹی وی کو آگاہ کیا کہ کچھ روز کی علالت کے باعث مولانا طالب جوہری کا انتقال ہوا جبکہ ان کا علاج کراچی میں جاری تھا۔

کراچی کے ہسپتال میں 80 سالہ علامہ طالب جوہری دورانِ علاج چل بسے، انہیں علمِ دین کے ساتھ ساتھ فلسفے اور شاعری پر بھی عبور تھا۔ تفسیرِ قرآن کے ساتھ ساتھ ان کی کتب شاعری اور دین پر بھی موجود ہیں۔

مشہور عالمِ دین علامہ مصطفیٰ خان جوہر علامہ طالب جوہری کے والد تھے ، برسہا برس تک علامہ طالب جوہری ہر سال 9 اور 10 محرم کو کربلا میں اہلِ بیت کے ساتھ پیش آنے والے واقعۂ کربلا کو منفرد انداز میں بیان کرتے رہے۔

زبان و بیان پر مہارت، تحریر و تقریر پر قادر الکلامی اور علمِ دین کی گہرائی و گیرائی کے باعث  علامہ طالب جوہری دنیا بھر میں اعلیٰ شہرت رکھتے تھے۔ پاکستان کی وفاقی حکومت کے اہم عہدیداران، وزراء اور سیاسی و سماجی اور دینی رہنماؤں نے علامہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹؤئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے علامہ طالب جوہری کا اندازِ گفتگو نقل کرتے ہوئے  کہا کہ آپ نے گریہ کیا، مجلس تمام ہوئی اور اب تو دامنِ وقت میں گنجائش بھی نہیں۔ علامہ طالب جوہری جیسے علماء صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے کہا کہ علامہ طالب جوہری کی وفات سے علم کا ایک ذخیرہ ہم سے جدا ہوگیا اور دُنیا ایک بہترین مفسرِ قرآن سے محروم ہو گئی۔ میں ان کے خانوادے سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ 

Related Posts