واشنگٹن: وزیر اعظم پاکستان عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ کامیاب دورے کے بعدخصوصی ائیر لائن پرواز کے ذریعے امریکا پہنچ گئے ہیں جہاں وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
سات روزہ دورۂ امریکا کے دوران وزیر اعظم عمران خان بین الاقوامی سربراہانِ مملکت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ اس دورے کا بنیادی مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کو پوری دنیا پر واضح کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر پر نافذ کرفیو 49ویں روز میں داخل، نقل و حمل اور ذرائع آمدورفت پر پابندی
اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس سے 27 ستمبر کو اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان اقوامِ عالم کو مظلوم کشمیریوں کو بھارت کے نافذ کردہ کرفیو سے ہونے والے جانی و مالی نقصان سے آگاہ کریں گے اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو بے نقاب کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کے امریکی دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور معاونِ خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیر پورٹ مدینہ منورہ سے چارٹرڈ پرواز پر امریکا روانہ ہوئے۔ وزیر اعظم امریکی تھنک ٹینکس سے خطاب کے دوران مظلوم کشمیریوں سے روا رکھی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی سعودی عرب کے بعد 7 روزہ دورے پر امریکا روانگی