لاہور :پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمیں اس سیاسی انتقام سے ڈر کر بھاگنے والے نہیں ہیں ،کل ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔
اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شہباز کی گرفتاری کے لئے نیب کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدام کی شدید مذمت کی ۔
انہوں نے کہا کہ کرائے کے ترجمان اپنے سیاسی مخالفین پر جھوٹے الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیب کی ٹیم شہباز شریف کی گرفتاری کے لئے آتی ہے تو عوام اس کے بدلے میں عمران خان کو گرفتار کرنے بنی گالہ جائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے الزام لگایا کہ یہ سب وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ہو رہا ہے اور پوری قوم اس سے واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی طرف سے یہ کارروائی صرف سیاسی انتقام ہے ، جس کی سپریم کورٹ کے ذریعہ بھی بار بار نشاندہی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی منصوبے اور شوگر ایکسپورٹ میں بدعنوانی کے شواہد موجود ہیں لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ، شوگر انکوائری رپورٹ پر نیب کے نوٹس کا کیا ہوا؟ ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نیب کیسز میں باقاعدگی سے پیش ہوتے رہے ہیں اور انہوں نے ہر سوال کے جوابات جمع کروائے ہیں۔ شہباز شریف نے نیب کو ایک خط میں بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ کچھ نیب افسران کورونا وائرس میں مبتلاہیں اور اسی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: نیب کا گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپہ، شہباز شریف بچ نکلے