ڈیرہ بگٹی:سینیٹر سرفراز بگٹی کے قافلے میں شامل گاڑی حادثے کا شکارہوگئی،حادثے کے نتیجے میں 5محافظ جاں بحق ہوگئے، افسوسناک حادثہ ضلع لورالائی میں میختر کے قریب پیش آیا۔ گاڑی ٹرک سے ٹکرانے کے باعث پانچ گن میں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، تاہم سینیٹر میر سرفراز بگٹی حادثے میں محفوظ رہے۔
اے سی لورالائی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ بلوچستان سینیٹر سرفراز بگٹی کے قافلے میں شامل گن مینوں کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے کے ساتھ جا ٹکرائی۔حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ 5گن مین موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
خوش قسمتی سے سینیٹر سرفراز بگٹی دوسری گاڑی میں سوار تھے۔حادثہ میختر کے قریب وہار کے علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی پوری تباہ ہوگئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے دو گن مینوں کی لاشیں گاڑی سے نکال لی گئی ہیں۔ دیگر تین گن مینوں کی لاشیں نکالنے کے لئے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ قریبی ذرائع کے مطابق سرفراز بگٹی کوئٹہ کی جانب ڈیرہ غازی خان سے آ رہے تھے۔