کراچی کے علاقے شارعِ فیصل میں پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کے دوران ایک اپارٹمنٹ سے زمین میں چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ مشتبہ افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔پولیس کے مطابق مشتبہ حرکات میں مصروف 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اس حوالے سے ضلع شرقی کے ایس ایس پی نے کہا کہ جو اسلحہ برآمد کیا گیا ہے اس میں مشین گنز، ایل ایم جی، مختلف قسم کی رائفلز اور دیگر اسلحہ شامل ہے جبکہ ملزمان سے دیگر مالِ مسروقہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ضلع شرقی کے ایس ایس پی نے کہا کہ ہم نے ایسی 25 موٹر سائیکلیں اور 4 کاریں برآمد کی ہیں جنہیں کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے دوران چوری کیا گیا یا چھینا گیا جنہیں قانونی کارروائی کے بعد مالکان کے حوالے کیا جائے گا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ چوری کیے گئے سامان اور برآمدہ اسلحے کے حوالے سے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کیلئے ملزمان کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھتہ خوری اور دہشت گردی میں ملوث داعش کا دہشت گرد کراچی سے گرفتار کر لیا گیا۔کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور وفاقی انٹیلی جنس ادارے نے مل کر کارروائی کی،جس کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔
گرفتاری کے بعد گزشتہ روز بیانیہ جاری کرتے ہوئے ایس آئی یو حکام نے بتایا کہ مبینہ دہشت گرد کی شناخت سکندر خان کے نام سے ہوئی اوردہشت گردسے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
مزید پڑھیں: وارداتوں میں ملوث داعش کا دہشت گرد کراچی سے گرفتار