اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے شاعرِ مشرق علامہ اقبال کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقبالؔ کی شاعری اور افکار امتِ مسلمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آج شاعرِ مشرق علامہ اقبال کی 82ویں برسی ہے جبکہ اقبال کی شاعری اور فکر امتِ مسلمہ کا وہ قیمتی اثاثہ ہے جس کی رہنمائی سے فکر کو بالیدگی عطا ہوتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہم علامہ اقبال کی فکر کی پیروی کرکے دوبارہ فکری احیاء حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے علامہ اقبال کا شعر بھی شیئر کیا:
کی محمد ﷺ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں
آج شاعر مشرق علامہ اقبال کی 82ویں برسی ہے – اقبال کی شاعری اور افکار امت مسلمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی راہنمائی سے ہم دوبارہ فکری احیاء حاصل کر سکتے ہیں-
کی محمد سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم ترے ہی pic.twitter.com/mRpItkkZWb— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) April 21, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل حکیم الامت علامہ محمد اقبال نے دو قومی نظریے کے تحت مسلمانوں کے ایک علیحدہ ملک کا تصور پیش کیا جسے قائدِ اعظم نے شرمندۂ تعبیر کیا جبکہ شاعرِ مشرق علامہ اقبال نے 1938ء میں وفات پائی۔ قوم آج علامہ اقبال کی 82ویں برسی منا رہی ہے۔
شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال نے بیسویں صدی عیسوی میں برسہا برس سے غلامی کے زندانوں میں بنیادی انسانی حقوق سے محروم زندگی گزارنے والے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا تصور پیش کیا اور اپنی شاعری سے ان کے خیالات میں وہ انقلاب پیدا کیا جس نے پاکستان کو حقیقت بنا دیا۔
مزید پڑھیں: پاکستانی قوم علامہ محمد اقبالؔ کی 82ویں برسی آج منارہی ہے