نیویارک: مشہور و معروف پاکستانی گلوکار اور گٹار پلیئر سلمان احمد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث امریکا کی صورتحال تشویشناک ہے جبکہ نیویارک جنگی میدان بنا ہوا ہے۔
معروف گلوکار سلمان احمد نے امریکا میں کورونا وائرس کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امریکا میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر گزرتے روز کے ساتھ وائرس کے باعث متاثرہ افراد اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
گلوکار سلمان احمد نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے امریکا میں قیامت آئی ہوئی ہو۔ لاک ڈاؤن کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں جبکہ ہسپتالوں میں وائرس سے متاثرہ افراد کی لاشیں جمع ہو گئی ہیں۔ لوگ اپنے عزیزوں کو دفنانے کے لیے بھی انتظار پر مجبور ہیں۔
سلمان احمد نے کہا کہ اگر آپ امریکی ریاست نیویارک سے کورونا وائرس کی تشخیص کا ٹیسٹ کروانا چاہیں تو یہ بے حد مشکل ہے کیونکہ نیو یارک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات سب سے زیادہ ہیں۔ لوگوں کو ٹیسٹ کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں خود بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروا چکا ہوں جو مثبت آیا ہے۔ گزشتہ ہفتے سے کمزوری، جسمانی درد اور گلے میں تکلیف کا سامنا کر رہا ہوں۔ میں نے وائرس کی روک تھام کے لیے گھر میں خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسپین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اٹلی سے بھی تجاوز کر گئی جس کے بعد اسپین امریکا کے بعد وائرس کے متاثرہ افراد کی زیادہ تعداد رکھنے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس سے 4 لاکھ 412 افراد متاثر ہوئے ہیں جو دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے جبکہ اٹلی میں 1 لاکھ 35 ہزار 586 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔
مزید پڑھیں: اسپین میں کورونا کے مریضوں کی تعداد اٹلی سے تجاوز کر گئی